02 مئی ، 2014
کراچی…عمران خان کی جانب سے جنگ اور جیو نیوز کے الزامات پر گروپ نے کہا ہے کہ اسی قسم کے الزامات لگانے والوں نے ان الزامات پر سپریم کورٹ میں معافی مانگی، عمران خان بھی خدا کا خوف کریں، اور اپنی اداوں پر خود ہی غور کر لیں۔جیو اور جنگ گروپ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے امن کی آشا اور غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے گروپ پر لگائے گئے الزامات ایک سازش کا حصہ ہیں۔ یہ الزامات پہلے بھی لگائے گئے تھے اور الزامات لگانے والوں کو ایسے الزامات پر عدالت کے اندر جیو نیوز سے معافی مانگنی پڑی تھی۔ ہم عدالتوں میں سرخرو ہوئے تھے۔ عدالتوں سے اپنے موقف کے حق میں فیصلہ آنے کے بعد ہم اپنی سچائی کے حق میں اور کیا ثبوت لائیں۔ ہم تو ہمیشہ اپنے پروگراموں اور اخبارات میں رائے کے تنوع کے قائل رہے ہیں اور ہم نے ہمیشہ کسی بھی معاملے پر ایک سے زیادہ آراء سامنے لانے میں مدد دی ہے۔ اندرون ملک دہشت گردی کے معاملے پر ایک طرف جہاں امن کو موقع دینے کے خیالات پیش کیے گئے، وہیں دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کی تجویز کی حمایت بھی ہمارے ہی گروپ کے اخبارات اور چینلز پر سامنے آئی۔ ان میں سے کوئی بھی رائے ادارے کی اپنی رائے نہیں تھی۔ ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ یہ الزامات دراصل ہمارے خلاف ایک سازش کا حصہ ہیں اور یہ سازش پہلے سے ہو رہی تھی۔ لیکن اب عمران خان بھی اس سازش کا حصہ بن گئے ہیں۔ پہلے بھی ان الزامات پر انھیں لیگل نوٹس بھیجا گیا تھا لیکن اس کا انھوں نے جواب نہیں دیا۔ اگر وہ جواب دیتے اور ہم اس سے مطمئن نہ ہوتے تو ہم یقینا عدالتوں کا رخ کرتے۔ عمران خان کے تازہ الزامات پر ادارہ یہی کہہ سکتا ہے کہ آپ ہی اپنی اداؤں پہ ذرا غور کریں،ہم اگر عرض کریں گے تو شکایت ہوگی۔