09 اپریل ، 2012
کراچی … اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے بعد صوبوں کے پاس 60 فیصد وسائل آگئے ہیں جبکہ زیادہ تر اخراجات اب بھی وفاق کے پاس ہیں، برآمدات کو بڑھانا چاہئے اس کے بغیر ملک مسائل پر قابو نہیں پاسکتا۔ کراچی پریس کلب میں پری بجٹ سیمینار سے خطاب میں ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا کہ ملکی سطح پر وسائل کی تقسیم کے نئے فارمولوں سے وفاق کے پاس 40 فیصد وسائل رہ گئے ہیں مگر دفاع اور بیرونی قرضوں کی وجہ سے بڑے اخراجات اب بھی اسی کے پاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام وفاقی اکائیوں کو مشترکہ مفادات کی کونسل میں بات چیت کے بعد اس چیز پر اتفاق کرنا چاہئے کہ صوبے خسارے کا بجٹ پیش نہیں کریں گے۔ ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا کہ برآمدات کو بڑھانا چاہئے اس کے بغیر ملک مسائل پر قابو نہیں پاسکتا۔