20 مئی ، 2014
کراچی…پاکستانی سپر ہیروئن استانی جیت گئی ، جیو تیز کی اینی میٹڈ سیریز برقعہ ایونجر نے انٹرنیشنل پی بوڈی ایوارڈ جیت لیا۔پاکستانی فن کار ہارون نے تقریب کے دوران ایوارڈ وصول کیا۔پی بوڈی براڈکاسٹنگ کی دنیا کا نمایاں ایوارڈ ہے۔ اس بار جیو تیز کے اینی میٹڈ پروگرام برقعہ ایونجرز نے میدان مار لیا۔ پی بڈی ایوارڈ کی تقریب نیویارک میں ہوئی۔ پاکستان کے پہلے ہیڈ لائن نیوز چینل جیو تیز نے پاکستان کی پہلی بامقصد اینی میٹڈ فلم برقع ایونجرز کے لیے پی بڈی ایوارڈ جیت کر سی این این، بی بی سی، ایچ بی او اور پی بی ایس جیسے چینلز کی صف میں جگہ بنالی۔ اس موقع پر پاپ گلوکار اور برقعہ ایونجر کے ہدایت کار ہارون رشید نے کہا اس سیریز کے ذریعے دنیا کو نہایت اہم پیغام پہنچایا گیا۔ برقعہ ایونجرز کی سپر ہیروئن ایک استانی ہے۔ جو لڑکیوں کی تعلیم کی مخالفت کرنے والوں سے لڑتی ہے۔ اور اس کے ہتھیار قلم اور کتابیں ہیں۔برقع میں چھپی یہ لڑکی حیرت انگیز طاقتوں سے لیس ہے۔ جو انصاف ، امن اور تعلیم کے فروغ کے لیے ننجا طرز کا سیاہ لباس پہنے رات بھر اڑتی ہے اور اپنے مخالفین سے لڑتی ہے۔ برقعہ ایونجرز میں کرپٹ سیاستدان اور خطرناک جادوگر اس فلم کے ولن ہیں۔