26 مئی ، 2014
نئی دہلی … بھارت کے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نریندر مودی نے بھارت کے 15 ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اْٹھالیا،حلف برداری کی تقریب نئی دلی کے رائے سینا ہلز میں واقع راشٹر پتی بھون کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی،تقریب میں عالمی شخصیات نے بھی شرکت کی،تقریب کے سب سے اہم مہمان وزیر اعظم نواز شریف،جب راشٹرپتی بھون پہنچے تو اہم بھارتی رہنماوں نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیاانہیں سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کے برابر والی نشست پر بٹھایا گیا جبکہ من موہن سنگھ کے دوسری طرف افغان صدر حامد کرزئی براجمانتھے ، دیگر غیر ملکی سربراہان مملکت میں سری لنکن صدر مہندا راجا پاکسا، مالدیپ کے صدر ،بھوٹانی وزیراعظم،نیپالی وزیراعظم اور بنگلادیشی اسپیکر شامل تھیں، تقریب میں بھارتی سیاست کے بڑے ناموں نے بھی شرکت کی، اہم بھارتی وزرا اور دیگر سیاسی شخصیات کے علاوہ ، سابق بھارتی صدر عبدالکلام ، کانگریس پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی اور ان کے بیٹے راہول گاندھی بھی تقریب میں موجود تھے،تقریب حلف برداری میں بالی وڈ سوپر اسٹار سلمان خان ، وویک اوبرائے، ونود کھنا، دھرمیندر، شتر وگن سنھا ، انوپم کھیر ، بپی لہری ، پونم ڈھلوان اور ہیما مالنی بھی موجود تھیں،بھارتی صدر پرنب مکھرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔اس کے بعد نریندر مودی کی کابینہ کے ارکان نے حلف اٹھایا، ان کی کابینہ 24 وزیر، 10وزرائے مملکت اور 11جونیئر وزیروں پر مشتمل ہے،بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ کو وزرات داخلہ اور سْشما سوراج کو وزارت خارجہ کا قلمدان سونپا گیا ہے ،کابینہ کے دیگر وزیروں میں نتن گڈکری، ارون جیٹلی اور مشہور بھارتی ڈرامے "ساس بھی کبھی بہو تھی " کا مرکزی کردار سمرتی ایرانی بھی شامل ہیں،پہلی مرتبہ کابینہ میں چھ خواتین بھی شامل ہیں ، پارٹی کی ترجمان نرملا سیتھارمن اور فوج کے سابق سربراہ جنرل وی کے سنگھ کو وزیر مملکت بنایا گیا ہے،اس موقع پر دلی میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے،بعدازاں وزیرِ اعظم نواز شریف سمیت دیگر مہمانوں نے نریندر مودی کو مبارکباد دی۔