پاکستان
10 اپریل ، 2012

کراچی:مجلس وحدت مسلمین کاایم اے جناح روڈ پر دھرنا

کراچی…مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس نے کہاہے کہ گلگت، کراچی اورکوئٹہ میں ملت جعفریہ کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف جمعہ 13اپریل کو ملک بھر میں یوم عزامنایاجائیگا۔ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے تحت احتجاجی ماتمی دھرنادیا گیا،شرکا سے اسلام آباد سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصرعباس کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے سیاسی جماعتوں کے ارکان سینیٹ ، قومی و صوبائی اسمبلی نے ملت جعفریہ کو مایوس کیا ہے ، انہوں نے اعلان کیا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والے تمام جمعہ کے اجتماعات اب پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے ہوں گے۔ جبکہ ملک بھر میں سانحہ چلاس، گلگت ، کوئٹہ اور کراچی کے واقعات کے خلاف احتجاج ہوگا ، ان کا کہنا تھا کہ ابتک پاک فوج ، عدلیہ سانحہ چلاس کے ستر سے زیادہ لاپتہ مسافروں کو بازیاب کرانے میں ناکام رہی ہے ، احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے مولانا مرزا یوسف حسین ، علامہ آفتاب جعفری ، مولانا منور نقوی ، مولانا صادق تقوی اور دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا جبکہ ماتمی انجمنوں کے نوحہ خوانوں نے نوحہ خوانی کی،علامتی دھرنے کے شرکا بعد پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔

مزید خبریں :