10 اپریل ، 2012
لاہور…مسلم لیگ نون کے صدر نوازشریف اوروزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے مہران بنک کے سابق سربراہ یونس حبیب کو ہتک عزت قانون کے تحت دس دس ارب روپے ہرجانے کے نوٹس بھجوادیئے ہیں۔نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ یونس حبیب چودہ روز میں بے بنیاد الزامات پر معافی مانگیں ورانہ انکے خلاف دعویٰ دائرکردیا جائیگا۔ مسلم لیگ نون کے اعلامیے کے مطابق قانونی نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ یونس حبیب نے بے بنیاد اورمن گھڑت الزامات لگا کرنوازشریف اورشہبازشریف کی سیاسی اورسماجی شہرت کو نقصان پہنچایا ہے، دونوں بھائی باعزت شہری ہیں اور انہوں نے منتخب وزیر اعلیٰ اوروزیر اعظم کی حیثیت سے عوامی خدمات انجام دی ہیں ،یونس حبیب نے جھوٹے الزامات لگا کر ان کا میڈیا ٹرائل کرنے کی کوشش کی ہے، یونس حبیب کے میڈیا پر متضاد بیانات اورباربار موقف تبدیل کرنا انکے جھوٹا ہونے کی دلیل ہے،یونس حبیب نے چودہ روز میں بے بنیاد الزامات کی معافی طلب کریں ورنہ انکے خلاف دس دس ارب روپے کا دعویٰ دائر کردیا جائیگا۔