پاکستان
10 اپریل ، 2012

اے این پی کی پنجاب کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی پیشکش

اے این پی کی پنجاب کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی پیشکش

اسلام آباد…پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر حاجی عدیل نے کہا ہے کہ پنجاب،خیبر پختون خوا میں سرمایہ کاری کرے، 44 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔ ایوان میں ن لیگ اور اے این پی پی کے اراکین میں جھڑپ بھی ہوگئی۔ پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس میں اے این پی کے سینیٹر الیاس بلور کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، ان کے لوگوں کو لاہور میں ہونے والی انرجی کانفرنس میں کیوں نہیں بلایا گیا۔ ن لیگ کے کیپٹن صفدر اور حنیف عباسی نے اس پر رد عمل کا اظہار کیا تو حاجی عدیل نے کہا کہ کیپٹن صفدر اپنے سسر کے زور پر بدمعاشی نہ کریں جب کہ حنیف عباسی آج مسلم لیگ ن میں ہیں، کل کہیں اور ہوں گے۔ اس دوران سینیٹر رضا ربانی حاجی عدیل کو بٹھانے کی کوشش کرتے رہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماء سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ توانائی کانفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ کو بھی اکیلے مدعو کیا گیا تھا، وہ ذاتی طور پر باقی ٹیم کوساتھ لائے۔ مسلم لیگ ق کے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ توانائی کانفرنس میں کسی کے پاس لوڈ شیڈنگ کا مستقل حل نہیں تھا، وزیراعظم کو کوئی حل لے کر جانا چاہیئے تھا۔ ایم کیو ایم کے آصف حسنین نے کہا کہ پی ایس ڈی پی میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو چار سال نظر انداز کیا گیا ہے ، آئندہ بجٹ میں کراچی کیلئے رقم نہ رکھی گئی تو بجٹ کا بائیکاٹ کریں گے۔ پارلیمنٹ کا مشترکا اجلاس اب 12 اپریل کی شام 5 بجے ہو گا۔

مزید خبریں :