11 اپریل ، 2012
اسلام آباد … میمواسکینڈل کے مرکزی کردار منصور اعجاز نے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے حق شنوائی و نمائندگی کو معطل کرنے کی درخواست دے دی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ حسین حقانی کمیشن کی ہدایت پر عمل نہیں کررہے۔ درخواست منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ نے میمو کمیشن میں دائر کی جس میں منصور اعجاز کا موٴقف ہے کہ حسین حقانی کمیشن کے احکامات کی مسلسل نافرمانی کررہے ہیں۔ منصور اعجاز کا کہنا ہے کہ کمیشن نے حسین حقانی کو ان کی دستاویزات کو تسلیم یا تردید کرنے کو کہا تھا اور کمیشن نے تمام فریقوں کو اس معاملے پر مواد، تصاویراور بلیک بیری موبائل دینے کی ہدایت کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ کمیشن نے حکم دیا تھا کہ میمو معاملے پر ایس ایم ایس اور ای میل کا ریکارڈ بھی دیا جائے اور ساتھ ہی کمیشن نے بلیک بیری سیٹ کے پن نمبر جمع کرانے کا بھی حکم دیا تھا۔ درخواست میں منصور اعجاز نے کہاکہ کمیشن نے 15 مارچ کو حسین حقانی کو گزشتہ احکامات پر عملدرآمد کا ایک اور موقع دیا اور حسین حقانی کو اعترافی یا تردیدی بیان جمع کرانے کی دوبارہ ہدایت کی گئی۔