11 جون ، 2014
موصل ....عراق کے شمالی شہر موصل میں شدت پسندوں کے قبضے کے بعد ہزاروں افراد محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ عراق کے شمالی صوبے نینوا کا کنٹرول شدت پسندوں کے ہاتھوں میں ہے ،موصل میں پولیس اسٹیشنوں اور فوجی گاڑیوں کو آگ لگادی گئی اور سیکڑوں خاندان بے سروسامانی کی حالت میں محفوظ علاقوں کی طرف نقل مکانی کررہے ہیں ،کردش چیک پوائنٹ پر داخلے کی اجازت ملنے کے انتظار میں گاڑیوں کی قطاریں لگی ہیں۔پولیس اور فورسز کے اہلکار وردیاں اور گاڑیاں چھوڑ کر شہر سے جاچکے ہیں۔ دہشت گردوں نے صوبائی حکومت کے ہیڈ کوارٹر اورایئرپورٹ کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے ۔وزیراعظم نوری المالکی نے پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا جائےاور اجازت دی جائے کہ حکومت دہشت گردوں اور ان کے اتحادیوں سے نمٹنے کیلئے شہریوں کو ہتھیار فراہم کرے۔امریکا اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے موصل کی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا ہے۔موصل سے پہلے دہشت گرد فلوجہ کا کنٹرول بھی حاصل کرچکے ہیں۔