11 اپریل ، 2012
کراچی … امریکی ادارے ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن ٹی ایس اے کی 4 رکنی ٹیم پی آئی اے کی امریکا کیلئے پروازوں پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کراچی پہنچ گئی ہے۔ امریکی ٹیم ایک ایسے وقت پاکستان آئی ہے جب پی آئی اے کی پروازوں پر یہ نئی پابندی عائد کی گئی کہ 23 اپریل سے امریکا آنے والی پی آئی اے کی تمام پروازوں میں موجود کارگو اور مسافروں کے سامان کی یورپ کے ائیرپورٹس پر دوبارہ جانچ پڑتال کی جائے گی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق امریکی ادارے ٹی ایس اے کے حکام کراچی اور لاہور میں پی آئی اے کی پاکستان سے امریکا جانے والی پروازوں میں کارگو اور بیگیج کی اسکریننگ کے طریقہ کار کی جانچ پڑتال کرے گی۔ ذرائع کے مطابق اگر امریکی حکام اس سے مطمئن ہوئے تو امکان ہے کہ امریکی ادارہ ٹی ایس اے پی آئی اے پر سے یہ پابندی اٹھالے۔ دوسری صورت میں پی آئی اے کی امریکا کیلئے پروازیں سخت مالی خسارے کا شکار ہوجائیں گی۔