11 جون ، 2014
لاہور....کراچی ائیرپورٹ کے واقعے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا معاملہ کٹھائی میں پڑ گیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ستمبر میں آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا معاملہ ختم ہوگیا ہے۔ چیئرمین نجم سیٹھی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ستمبر میں پاکستان اور آئر لینڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان لاہور میں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے کے معاملات طے پا چکے تھے اور اس سلسلے میں ای سی بی کے سربراہ جائلز کلارک نے آئر لینڈ کو دورہ پاکستان کے لئے آمادہ کرنے میں بڑی مدد کی ۔نجم سیٹھی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سیکورٹی کلیئرنس کا انتظار تھا کہ کراچی ائیرپورٹ کا واقعہ پیش آگیا، جس کے باعث اب پاک آئر لینڈ سیریز پر پیش رفت رک گئی ہے۔ اس سے پہلے پی سی بی نے سری لنکا کرکٹ بورڈ کو ستمبر کے پہلے ہفتے میں دورے کی دعوت دی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی جانب سے بھی اب پی سی بی کو کسی مثبت جواب کی امید نہیں ہے۔