11 اپریل ، 2012
راولپنڈی … سیاچن میں برفانی تودے تلے فوجیوں کے دب جانے والے مقام پر امدادی کارروائیوں کا سلسلہ سخت موسمی حالات کے باوجود تیزی سے جاری ہے اور نصف کلومیٹر طویل راستہ ہموار کرلیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گیاری سیکٹر میں اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کی ٹیم کی مدد سے فوج نے کھدائی کیلئے جن 5 مقامات کی نشاندہی کی وہاں مشینوں اور انسانی ہاتھوں کی مدد سے کھدائی تیزی سے جاری ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے ان 5 ترجیحی مقامات پر پہنچنے کیلئے 450 میٹر طویل ٹریک ہموار کردیا ہے۔ تودے والے مقام پر دوسرا راستہ بنانے کی بھی تیز تر کوششیں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق برفانی تودہ گرنے کے مقام پر ڈوزرز کی مدد سے آبی بہاوٴ کا وہ راستہ بحال کردیا گیا جو برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے بند ہوگیا تھا۔