25 جون ، 2014
نیویارک .....کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کے چاہنے والے آج ان کی پانچویں برسی پر انہیں یاد کررہے ہیں۔ ان کے گیتوں اورانداز کی دنیا آج بھی دیوانی ہے۔ مائیکل جیکسن کے گائے گانوں نے انہیں کنگ آف پاپ یا پاپ موسیقی کا بادشاہ بنادیا، جو پانچ برس قبل آج ہی کے روز اس دنیا کو چھوڑ گیا تھا لیکن آج بھی ان کا بینک بیلنس دن دوگنی، رات چوگنی ترقی کررہا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں دنیائے موسیقی پر راج کرنے والے مائیکل جیکسن کا ادارہ اب تک 70کروڑ ڈالرز کما چکا ہے۔ 1972 میں Got To Be There نامی البم سے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے والے مائیکل نے 10 ہٹ البم اور درجنوں ہٹ نہیں بلکہ سپر ہٹ گانے گائے۔ آف دی وال، بیڈ، ڈینجرس اور اِنوِنسِبل نامی البمز نے جو مقبولیت حاصل کی وہ اپنی جگہ لیکن البم تھرلر کے گانوں تھرلر، بِیٹ اِٹ اور بلی جینز اور اس میں کیے گئے مون واک ڈانس نے جو تہلکہ مچایا وہ ان کے چاہنے والوں کو بھلائے نہیں بھولتا۔ اس کے علاوہ بلیک اوروائٹ، ڈینجرز، ارتھ سانگ۔ یو آر ناٹ الون اور اس جیسے درجنوں گانے آج بھی ایم جے کی یادیں تازہ کرتے ہیں۔ مائیکل کے مرنے کے بعد ان کی دو البمز مائیکل اور ایکسکیپ جاری کی گئیں جن کو بھی خوب مقبولیت مل رہی ہے۔