کاروبار
13 اپریل ، 2012

لاہور: بجلی کی درآمد، ٹیرف کیلئے پاک بھارت مذاکرات کل متوقع

لاہور: بجلی کی درآمد، ٹیرف کیلئے پاک بھارت مذاکرات کل متوقع

لاہور … بھارت سے 500 میگا واٹ بجلی کی درآمد کے ٹیرف کے تعین کیلئے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہفتے کو لاہور میں متوقع ہیں، دونوں ممالک نے اس بات کا عزم ظاہر کیا ہے کہ بجلی کی خریداری کا معاہدہ ہونے کے 6 ماہ کے اندر ٹرانسمیشن لائن بچھا دی جائے گی۔ بھارتی کمپنی گلوبل انرجی کے 6 رکنی وفد نے ادارے کے منتظم اعلیٰ ہرے دھاوٴل کی سربراہی میں اسلام آباد میں وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بجلی کی خریداری کا معاہدہ ہونے کے بعد 6 ماہ کے اندر 45 کلو میٹر لمبی 220 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن میں سے 25 کلو میٹر لائن بھارتی پنجاب اور 20 کلو میٹر لاہور کی طرف تعمیر ہوگی۔ گلوبل انرجی بجلی خرید کر پاکستان کی کمپنی سینٹرل پاور پر چیزنگ ایجنسی کو فروخت کرے گی۔ وزارت پانی و بجلی کے ایک اعلیٰ افسر نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ بھارتی وفد کل لاہور میں سینٹرل پاور پر چیزنگ ایجنسی کے حکام سے ٹیرف پر بات چیت کر یگا۔ ذرائع کے مطابق بھارت، پاکستان سے 8 انڈین روپے فی یونٹ کا ٹیرف مانگ رہا ہے۔

مزید خبریں :