09 جولائی ، 2014
لاہور..... رمضان میں اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس خالد محمود نےریمارکس دیئے ہیںکہ حکومتی سبسڈی کے اثرات نظرنہیں آرہے، لگتا ہے ذخیرہ اندوزوں کے آگے حکومت بے بس ہے،ذخیرہ اندوززیادہ مضبوط نظرآتے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ میں رمضان المبارک کےدوران اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کےخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے لوگوں کو سستی اشیا فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔جسٹس خالد محمود نے ریمارکس دیے کہ حکومتی سبسڈی کے اثرات نظرنہیں آرہے، لگتا ہے حکومتی سبسڈی کا فائدہ کوئی اوراٹھارہا ہے، دکانداروں کوپکڑنے سے قیمتیں کنٹرول نہیں ہوتیں،قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے میکنزم بنانے کی ضرورت ہے،صرف رمضان بازاروں سے غریبوں کو کیا فائدہ ہے، باقی گیارہ ماہ غریبوں کااستحصال ہوتا رہتا ہے، عدالت نے حکم دیا کہ 16جولائی کو بتایا جائے ذخیرہ اندوزی پرقابوپاکرقیمتیں کیسے کنٹرول ہوسکتی ہیں۔