10 جولائی ، 2014
پشاور......تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبرپختونخوا کی کابینہ میں ایک بارپھرتبدیلی کی منظوری دی ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں صوبائی وزیراطلاعات شاہ فرمان کوان کے قلمدان سے سبکدوش کیا گیا ہے جس کا اضافی چارج وزیرہائیرایجوکیشن مشتاق غنی کودے دیا گیا ہے۔ جیونیوز کواس حوالے سے فیصلے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ذرائع کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے صوبائی حکومت کی کابینہ میں بعض تبدیلیوں کی منظوری دی ہے جس کےتحت صوبے کے وزیراطلاعات شاہ فرمان کوان کے قلمدان سے سبکدوش کردیا گیا جبکہ وزارت پبلک ہیلتھ کا قلمدان ان کے پاس رہے گا ۔وزارت اطلاعات کا اضافی چارج صوبے میں ہائیرایجوکیشن کے وزیرمشتاق غنی کودیا گیاہے اس حوالے سے ان ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پچھلے مرحلے میں وزارت صحت سے ہٹائے جانے والے شوکت یوسفزئی کوایک بارپھروزارت دینے کاامکان ہے۔ یاد رہے کہ ایک سال کے دوران مشتاق غنی تحریک انصاف کی حکومت کے تیسرے وزیراطلاعات ہیں ان سے پہلے اس عہدے پرشوکت یوسفزئی اورشاہ فرمان رہ چکے ہیں۔