13 اپریل ، 2012
لندن …آئے دن سڑکوں پر خطرناک ٹریفک حادثات تورونما ہوتے ہی رہتے ہیں لیکن اگر ایسے میں ننھے بچے بھی ہمراہ ہوں تووالدین تو فکرمند رہتے ہیں۔شیر خواربچوں کی حفاظت اور والدین کی اسی پریشانی کے پیشِ نظر برطانوی انجینئرز نے ایک ایسا انوکھا ایئر بیگ تیار کر لیا ہے جوحادثے کی صورت میں ننھے بچوں کو اپنے اندر محفوظ کر لے گا۔Carkoon نامی اس ائیر بیگ کی تیاری میں ایک خاص قسم کا میٹریل استعمال کیا گیا ہے جس پر آگ اثر انداز نہیں ہو سکے گی اور یہ حادثہ کے بیس منٹ بعد تک ننھے بچے کو اپنے اندر چھپائے رکھے گا۔اس نرم ملائم خول نما پالنے میں ایسا حساس اور خودکار نظا م نصب کیا گیا ہے جوگاڑی کو حادثہ پیش آنے کی صورت میں ناصرف فوری طور پرایک شیل کی طرح بند ہو جائیگا بلکہ ٹریفک کنٹرول روم تک ایمرجنسی سگنل بھی پہنچا دیگا ۔ بچوں کی حفاظت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی یہ غیر معمولی سے کارسیٹ اگلے سال سے فروخت کے لیے پیش کی جائیگی جسکی قیمتِ فروخت 500پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے۔