پاکستان
14 جولائی ، 2014

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف پاکستان میں احتجاجی مظاہرے

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف پاکستان میں احتجاجی مظاہرے

لاہور.........غزہ میں اسرائیلی بم باری میں فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ ملتان اور سرگودھا میں وکلا نے احتجاجاً عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا۔لاہورمیں پاکستان عوامی تحریک خواتین ونگ نے فلسطینیوں کے حق میں پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین خواتین نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے لگائے۔ ملتان، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان میں وکلا نے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا اورمقدمات کی پیروی نہیں کی۔ سرگودھا میں وکلا نے احتجاجی قرار داد کے ذریعے اسلامی ممالک اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام سے روکیں۔اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملتان میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے منظور چوک پر مظاہرہ کیا۔ سرگودھا میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ فیصل آباد میں فیکٹری مالکان، مزدوروں اور سول سوسائٹی کے افراد نے کچہری چوک سے ضلع کونسل تک احتجاجی ریلی نکالی۔ جہلم میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے پریس کلب کے باہرمظاہرہ کیا۔خیبر ایجنسی میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے لنڈی کوتل بازار میں احتجاج اور باچا خان چوک سے پریس کلب تک مارچ بھی کیا۔

مزید خبریں :