23 جنوری ، 2012
اسلام آباد…ہیلتھ پروفیشنل اسکیل متعارف کرانے کا بل پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے کے خلاف، وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے تین سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی ہڑتال تیسرے ہفتے میں داخل ہوگئی ہے۔پمز ، فیڈرل پولی کلینک اور قومی ادارہ برائے خصوصی افراد کے اسپتالوں میں ہیلتھ پروفیشنلز کی جاری ہڑتال کے باعث اوپی ڈی بند ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تینوں سرکاری اسپتالوں میں مظاہرین کا فیڈرل پولی کلینک سے متصل ارجنٹینا پارک میں اجتماع ہوا، جس میں حکومت کیخلاف اور ہیلتھ پروفیشنل بل کے خاتمے کیلئے نعرہ بازی کی گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہیلتھ پروفیشنل اسکیل کے نفاذاور بی پی ایس کے خاتمے سے ان کی سرکاری ملازم کی حیثیت ختم اور سرکاری اسپتال خودمختاربن جائیں گے۔