07 اگست ، 2014
کراچی .......کراچی پر یس کلب کے باہر انسداد تجاوزات سیل کے اہلکاروں نے 9 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر مظاہرہ کیا۔ شہر میں جابجا قائم تجاوزات کا خاتمہ کر نے والے خود زیادہ پریشانی کا شکار ہوگئے، مہنگائی کے اس دور میں اگر تنخواہ قلیل ہو اور وہ بھی بر وقت نہ ملے تو ہر ضرورت مند شخص احتجاج کا راستہ اپنا سکتا ہے۔ ایسا ہی کچھ کیا انسداد تجاوزات سیل سے تعلق رکھنے والے پولیس کے اہلکاروں نے کراچی پریس کلب کے سامنے جو 9 ماہ سے تنخواہ سے محروم ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا دو سال کے کانٹریکٹ پرفورس میں بھرتی کیا گیا لیکن تنخواہ کا پتہ نہیں اور تو اور پنجاب پولیس کے مقابلے میں نہ صرف تنخواہیں کم ہیں بلکہ کراچی جیسے بڑے شہر کی ذمہ داری پر قلیل تنخواہ میں گزارا ممکن نہیں۔ مظاہرین نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ جن نامساعد حالات میں وہ کام کر رہے ہیں اس میں ان کی بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور تجاوزات کے دوران شہید اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو معاوضہ بھی ادا کیا جائے۔