29 اگست ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے اسلام آبادمیں کئی روزسے جاری دھرنے دینے والی جماعتوںتحریک انصاف ، پاکستان عوامی تحریک اوران کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے سیاسی بحران کے حل کیلئے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی ثالثی قبول کرنے کاخیرمقدم کیاہے۔ ایک انٹرویومیںانھوں نے کہاکہ یہ پیش رفت انتہائی خوش آئندہے ،اللہ کاکرم ہے کہ پاکستان بڑے خون خرابے اوربڑے نقصان سے بچ گیاہے،آرمی چیف نے ایساکرکے پاکستان کی بڑی خدمت کی ہے اورمیں مصالحت کے عمل کومکمل طور پر سپورٹ کرتاہوں۔انہوںنے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے موجودہ صورتحال میںسیاسی بحران کے حل کیلئے آگے بڑھ کر اورایک مؤثرکرداراداکرکے لوگوں کے دلوں میں گھربنالیاہے اورجولوگوں کے دلوں میں گھربناتاہے وہ بڑاانسان ہوتا ہے۔ الطا ف حسین نے وزیراعظم کی جانب سے اس سلسلے میں کردارپر تبصرہ کرتے ہوئے کہا’’ بہت دیر کی مہرباں آتے آتے ‘‘۔انہوںنے کہاکہ فریقین خاص طورپر سویلین حکومت کوزمینی حقیقت کوتسلیم کرتے ہوئے آرمی چیف کی مسلمہ حیثیت کوسامنے رکھناچاہیے،میں نے چندروز قبل کہا تھاکہ فوج کی جانب سے جوبھی اقدام ہوگاوہ آئین کی چھتری تلے ہوگااوروہی ہورہاہے، ایم کیوایم واحدجماعت ہے جوشر وع ہی سے یہ کوشش کررہی تھی کہ معاملہ مذاکرات اوربات چیت کے ذریعے ہو۔ الطا ف حسین نے آرمی چیفسے کہاکہ آپ سے ایک اور گزارش ہے کہ آپ ایک نیک کام اورکرلیںکہ 1992ء میں جنرل آصف نوازکے دورمیں ایم کیوایم اورفوج کے درمیان جو غلط فہمیاںپیداکی گئی تھیں اورجناح پورکی سازش اوراسی طرح کے دیگرخودساختہ الزامات کے ذریعے ایم کیوایم کوملک دشمن جماعت ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ،مہاجروں کی حب الوطنی پر شک کیاگیا، لسانی فسادات کرائے گئے اورجوبھی دوریاں پیداکی گئیں وہ ان کا بھی خاتمہ کرلیں تویہ بھی ملک کی بڑی خدمت ہوگی اورایم کیوایم کی قیادت ،تمام کارکنان اورتمام مہاجرعوام دعائیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان اورپاک فوج سے محبت کرنے والے ہیں۔انہوں نے جنرل راحیل شریف کومخاطب کرتے ہوئے یہ اشعار بھی پڑھے،الفت کی نئی منزل پر چلا تو بانہیں ڈال کے باہوں میں،دل توڑنے والے دیکھ کے چل ، ہم بھی توپڑے ہیں راہوں میں۔