پاکستان
31 اگست ، 2014

موجودہ صورتحال ملکی سلامتی کیلئے نقصان دہ ہے ، حامد موسوی

اسلام آباد........تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں جاری آگ اور خون کا کھیل ملکی سلامتی کیلئے نقصان دہ ہے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اس کھیل کی پرزور مذمت کرتی ہے حکومت اور اس کے مخالفین کی پالیسیاں منافقانہ ہیں جمہوریت کا واویلا محض ڈھکوسلا ہے جمہوریت کارونا رونے والے حکومت اور سیاسی جماعتوں سے بادشاہت اور آمریت کا خاتمہ کرائیں ، حکمرانوں اور سیاستدانوں نے اپنے مفاد کی خاطر افواج پاکستان کی عزت و حرمت کو بھی داؤ پر لگا دیا ہے جو قومی و نظریاتی اثاثوںکی واحد نگہبان ہیں، پاکستان کو غیر مستحکم کرنا عالمی ایجنڈا ہے جسے حاصل کرنے کیلئے پارلیمنٹ عدلیہ میڈیا سبھی کو تقسیم کردیا گیا ہے فوج کو بدنام کرنا اسی ایجنڈے کا حصہ ہے نظریہ اساسی اور فوج کے خلاف ہرزہ سرائی پاکستان دشمنی کے مترادف ہے ، آئین کی بالادستی کا راگ الاپنے والے آئین خداوندی کو پامال کررہے ہیں صحافیوں پر بے پناہ تشدد کرکے آمریت کو شرما دیا گیا، بحرانی کیفیت میںبھارتی فوج کی اشتعال انگیزی سوالیہ نشان ہے دشمن کو شہ دینے والے غداروں کو بے نقاب کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملکی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی شیطانی قوتوں کی آنکھ میں کھٹک رہا ہے ۔تمام سیاسی جماعتوں اور حکومت کو آپریشن ضرب عضب کی پشت پر کھڑے ہونا چاہئے تھا لیکن ایک نیا کھیل شروع کردیا گیا جسے حکومتی اقدامات نے خوب اسپانسر کیا جمہوریت نے آمریت کا راستہ اختیار کرکھا ہے یہ منافقانہ کھیل ختم ہو نا چاہئے حکومت اپوزیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن رہیںجلاؤ گھیراؤ سے دور رہیں اور حکمران بھی تشدد ترک کردیں۔

مزید خبریں :