01 ستمبر ، 2014
لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اسلام آباد میں دھرنادینے والی جماعتوںکے کارکنوں اورحامیوں کی جانب سے پی ٹی وی کی عمارت پر دھاوابولنے اورقبضہ کرنے کے عمل پر شدیدافسوس کااظہارکیاہے۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ پی ٹی وی یااسی جیسے ادارے اورانکی عمارتیں ریاست کی علامات ہیں جن کے تقدس کاخیال رکھناسب کافرض ہے اور احتجاج کی آڑ میں ان پر قبضہ کرنایاان کونقصان پہنچانے کے عمل کوکسی بھی صورت میں درست اورجائزقرارنہیں دیاجاسکتا۔الطا ف حسین نے دھرنادینے والی جماعتوں کے قائدین اور دیگر رہنماؤں سے کہا کہ وہ دھرنے میں شریک اپنے اپنے کارکنوں کو سختی سے تنبیہ کریں کہ وہ قومی ریاستی اداروںخواہ وہ پی ٹی وی ہو، ریڈیو ہویاپارلیمنٹ ہوانہیں کسی بھی قسم کانقصان نہ پہنچائیںاوران کااحترام کریں۔ الطاف حسین نے دھرنے میں شریک دونوں جماعتوں کے کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ ریاست کی پہچان یہ ادارے آپ کے اپنے ادارے ہیں، ان کی حفاظت کرنااوران کے تقدس کاخیال کرناآپ کابھی فرض ہے لہٰذاآپ خداراریاست کے ان اداروں کونقصان پہنچاکرملک کی عزت و وقارکومجروح نہ کریں، آپ اپنا احتجاج ضرورکریں لیکن خدارا اپنے احتجاج کوہرقیمت پر پرامن رکھیں اوراحتجاج کی آڑ میں کسی بھی قومی ادارے کوہرگز نقصان نہ پہنچائیں ۔ دریں اثناالطاف حسین نے نارتھ کراچی کے سیکٹر انچارج سید مقصود علی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نےتمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نےبھی سید مقصود حسین اور ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے جوائنٹ انچارج اور سابق ٹائون ناظم نیو کراچی اختر حسین کی والدہ عظمت النساء کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحومین کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔ (آمین)