24 ستمبر ، 2014
اسلام آباد....... عمران خان گزشتہ شب کنٹینر سے اتر آئے اور دھرنے کے شرکا کے ساتھ گھل مل گئے ، اس دوران جہاں انہوں نے شرکا سے کھل کر باتیں کیں ،، وہیں شرکا کو خاموش کرانے کے لیے بھی بہت سے جتن کرنے پڑے۔ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان گزشتہ شب اچانک کنٹینر سے اتر کر شرکا میں گھل مل گئے اوریہاں پرانہیں نصیحت ، مشورے ،مبارکبادیں دینے سمیت بہت کچھ کہہ ڈالا، اس موقع پر شرکا کا جوش و خروش دیکھنے کے لائق تھا ، یہی وجہ ہے کہ بھر پور جوش و خروش ہی کے باعث عمران خان کو اپنے کارکنوں کو بار بار چپ کرانا پڑا اور انہیں مخاطب کرنے کےلیے چند منٹ کی تقریر میں عمران خان نے پچاس سے زائد بار،، سنو ،، کا لفظ ادا کیا۔ اس سنو کےعلاوہ وہ کئی بار کارکنو کوچپ ہوجانے کابھی کہتے رہے۔ پھر ایک منٹ کی خاموشی کا اصرار اس کےعلاوہ تھا۔ اسی دوران کسی نے عمران خان کو کوئی درخواست دینا چاہی تو کپتان نے بھرے مجمعے میں بے چارے کو ڈانٹ دیا۔ اس موقع پر عمران خان نے دھرنے کے شرکا کو ایک نہیں دو دو خوشخبریاں سنائیں۔ پہلی خوشخبری یہ کہ دو دن بعد دھرنے کاعالمی ریکارڈ بن جائے گا جبکہ دوسری خوشخبری یہ کہ وہ یہ جنگ جیت گئے ہیں۔ اس موقع پر عمران خان نے دھرنے کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا اور شرکا کا حوصلہ بڑھایا۔