01 اکتوبر ، 2014
کراچی...... کراچی کی مختلف سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی وجہ سے لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ٹریفک جام کی وجہ سے بچے بھی کئی کئی گھنٹے اسکول وین میں گزارنے پر مجبور ہوئے ۔ صبح سویر ے سے ہی کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر نظر آئی،دفاتر جانے والے مقررہ وقت پر آفس نہ پہنچ سکے جبکہ اسکول جانے والے بچوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،دوپہر میں اسکول سے واپس آنے پر بھی بچوں نے کئی گھنٹے اسکول وین میں گھومتے رہے ۔ گرو مندر پردھرنے کے باعث لسبیلہ اور ایم اے جناح رو ڈ اور گرو مندرسے جمشید روڈ اور تین ہٹی جانے والے راستے بند کردیے گئے ہیں جبکہ گورنر ہاؤس اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کے راستوں کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ ،شارع فیصل ، لسبیلہ، تین ہٹی ، لیاقت آباد، ناظم آباد،جیل روڈ، جمشید روڈ اور دیگر علاقوں میں ٹریفک جام ہے،ریڈ زون میں گورنر اور وزیراعلیٰ ہاؤس جانے والے راستے بند ہونےکی وجہ سےصدر، آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق صدر میں ٹریفک کو اسٹیٹ لائف بلڈنگ سےزینب مارکیٹ اور کلب روڈ کی طرف موڑا جارہا ہے ۔