01 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد...... چیف جسٹس پاکستان نےوزیراعظم کی نااہلی کےلیےدائردرخواستوں کی سماعت کیلئے لارجربنچ تشکیل دینے کی درخواستیں مستردکردی ہیں جبکہ تحریک انصاف نے جسٹس جواد ایس خواجہ پراعتراض اٹھاتےہوئے انہیں مقدمےسےالگ کرنے کی درخواست کی ہے ۔ وزیراعظم کی نااہلی کےلیے دائر مختلف درخواستوں اوراپیل کی سماعت کل (جمعرات ) کو سپریم کورٹ میں ہو گی۔ سپریم کورٹ ذرائع کےمطابق آئینی درخواستوں کی سماعت کیلئے لارجربنچ کی تشکیل کیلئے مسلم لیگ ق کےصدرچودھری شجاعت ، تحریک انصاف کےاسحاق خاکوانی اوربریگیڈئیرریٹائرڈسیمسن سائمن شرف نے داخل کررکھی تھیں جوچیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصرالملک نےمستردکردی ہیں ۔ تحریک انصاف کی طرف سےدائر ایک درخواست میں اعتراض کیا گیا ہے کہ اس وقت سماعت کرنےوالے سپریم کورٹ کےسینئرترین جج اور تین رکنی بنچ کےسربراہ جسٹس جواد ایس خواجہ مقدمے سےالگ ہوجائیں ۔