پاکستان
03 اکتوبر ، 2014

جمائما نے نام میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا

جمائما نے نام میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا

لندن..... تبدیلی ہمیشہ خوش گوار نہیں ہوتی، دکھی بھی کرسکتی ہے، جمائما نے نام میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا،عمران سے علیحدہ ہونے کے دس سال بعد اب خان سے علیحدہ ہوجائیں گی۔ جمائما خان اب خان نہیں رہیں گی،برطانوی ارب پتی تاجر سر جیمز گولڈ اسمتھ کی صاحبزادی اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان نے اب خاندانی نام کو ایک بار پھر اپنے نام کے ساتھ جوڑنے کا عندیہ ظاہر کیا ہے، عمران خان سے طلاق کے دس برس بعد یہ فیصلہ کیوں کیا گیا ،اس بارے میں جمائما کہتی ہیں کہ عمران نے دوسری شادی کی خواہش ظاہر کی ہے تو وہ ان کے نام کو مزید اپنے نام کا حصہ نہیں بناسکتیں۔ جمائما نے بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے نام اس لیے تبدیل نہیں کیا کیوںکہ ان کے بچے قاسم اور سلیمان چھوٹے تھے،لیکن اب وہ بڑے ہوچکے ہیں اور انہیں اس بات کی فکر نہیں ہوگی کہ ان کی والدہ کی شناخت اب کس نام سے ہوگی۔ انیس سو پچانوے میں جمائما عمران خان کی زندگی میں آئیں تو ان کی عمر محض اکیس برس تھی اور شادی کے نو سال بعد عمران خان سے ان کے راستے علیحدہ ہوگئے،اسلام آباد میں دھرنوں کے دوران ہی عمران خان نے اپنے اور جمائما کے راستے الگ ہونے کی وجہ بیان کی تھی۔ لیکن جمائما نے ایک برطانوی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کے دعوے کی تردید کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ علیحدگی کی وجہ بچوں کے صحت کے مسائل اور عمران خان کا وقت نہ دینا تھا،عمران اپنے ہاسپٹل اور سیاسی معاملات میں اتنے مصروف تھے کہ رات دو بجے سے پہلے ان سے بات ممکن ہی نہ تھی،یوں جس تعلق نے انیس پچانوے میں انہیں ایک بندھن میں باندھا وہ نو سال بعد گھریلو مسائل کی نظر ہوگیا،علیحدگی کے بعد جمائما کے برطانوی اداکاروں ہیو گرانٹ اور رسل براںڈ سے مراسم کی خبروں نے بھی شہ سرخیوں میں جگہ بنائی،اور اب خان سے گولڈ اسمتھ کی طرف واپسی نے وہ آخری تعلق بھی ختم کردیا جو نام کی صورت میں ہی سہی، لیکن ایک ڈور کا سرا تو تھا ہی۔

مزید خبریں :