24 جنوری ، 2012
ایڈیلیڈ… آسٹریلیا کے مایہ ناز بلے باز رکی پونٹنگ ٹیسٹ کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیاکے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے بھارت کے خلاف چوتھے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے روز شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی 41 ویں سنچری مکمل کی بلکہ وہ ناقابل شکست 137 رنز بناکر ٹیسٹ کیرئیر میں انفرادی طور پر 13 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بھی بن گئے۔رکی پونٹنگ نے مائیکل کلارک کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 251 قیمتی رنز بنائے اور دونوں آؤٹ نہیں ہوئے۔ اس شاندار پارٹنرشپ سے آسٹریلیا کی بھارت کے خلاف چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم ہوگئی۔واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے وہ 15432 رنز کے ساتھ پہلے، بھارت کے ہی راہول ڈریوڈ 13262 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔