16 نومبر ، 2014
فیصل آباد........فیصل آباد میں گیس کی قلت کے باعث حکومت صنعت کار اور گھریلو صارفین تینوں پریشان ہیں۔ صنعتوں کو گیس ملے تو گھریلو صارفین ناراض ہوجاتےہیں۔ گھریلو صارفین کوگیس فراہم کی جائےتو صنعت کار احتجاج کی دھمکی دیتے ہیں ۔گیس کی قلت کے باعث حکومت نے صنعتوں کے لیے پندرہ نومبر سے گیس کی بندش کا اعلان کیا تو فوراًہی صنعتی تنظیموں کا ردعمل سامنے آ گیا ۔ صنعتی تنظیموں کی دھمکی کے بعد حکومت کی جانب سے فیصل آباد کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی جاری رہی اوربندش کا فیصلہ واپس لے لیاگیاجس کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی متاثر ہو ناشروع ہوگئی ۔ غلام محمد آباد میں ایسے ہی متاثرین نے فیکٹریوں اور کارخانوں کو گیس دینے پر حکومتی ایم این اے اکرم انصاری کے گھرپر ڈنڈوں اور انڈوں کی بارش کر دی۔ انکا مطالبہ تھا کہ گیس کی فراہمی میں گھریلو صارفین کوترجیح دی جائے۔ سردی کے موسم میں گیس کی قلت کے باعث حکومت پریشان ہے کہ گیس گھریلو صارفین کو دیں یا صنعتوں کو تاہم فیصلہ حکومت کو کرنا ہے۔ کوئی درمیانی راستہ نکلتا ہے یا پھر احتجاج ہی برداشت کرنا پڑ ےگا۔ چاہے وہ گھریلو صارفین کا ہو یا صنعتی تنظیموں کا ۔