23 اپریل ، 2012
لاہور … پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کا دورہ ملتوی ہونے سے مایوسی ہوئی، پاکستان کے بارے میں فیصلہ دور بیٹھ کر نہیں کرنا چاہئے، سیکیورٹی کے حوالے سے انہیں یہاں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیو واٹمور نے کہا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں دورہ سری لنکا کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا جائے گا، ٹیم کا کیمپ 27 اپریل سے شروع ہوگا، سری لنکا کے خلاف سیریز میں ابھی 4 سے 5 ہفتے ہیں جو کہ پاکستان ٹیم کیلئے خوش آئند ہے، کھلاڑیوں کے محنت کے جذبے سے وہ بہت خوش ہوئے ہیں، کرکٹرز کے دوبارہ ٹیسٹ ہوں گے، سینئر کھلاڑیوں کی فٹنس سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں فارمیٹ کیلئے الگ الگ ٹیموں کی تشکیل ابھی صرف بیانات تک ہے، کئی کھلاڑی ایسے ہیں جو تینوں فارمیٹ کیلئے یکساں کامیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ پاکستان پریمیئر لیگ میں انٹر نیشنل کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ڈیو واٹمور نے کہا کہ انہیں لاہور میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ واٹمور نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، یہاں کرکٹ کافی مقبول ہے اور مختصر نوٹس پر برطانوی یونیورسٹی کی ٹیم آئی جو اچھی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دور سے دیکھ کر کوئی بھی فیصلہ نہیں کرنا چاہئے، یہاں آکر صورتحال دیکھنی چاہئے۔