پاکستان
19 نومبر ، 2014

عمران خان کے الزامات پر شاہ محمود کی نیوزکانفرنس میں صحافیوں کا احتجاج

عمران خان کے الزامات پر شاہ محمود کی نیوزکانفرنس میں صحافیوں کا احتجاج

اسلام آباد......صحافیوں کے خلاف عمران خان کے الزامات پر میڈیا نمائندوں نےشاہ محمود قریشی کی نیوز کانفرنس کا علامتی بائیکاٹ کیا۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کا کہنا ہےکہ طالبان سے متعلق مشیر خارجہ کے بیان نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں پر پانی پھیر دیا، حکومت اور فوج ایک صفحے پر نہیں ہیں۔ عمران خان روزانہ آتے ہیں الزامات لگاتے ہیں اور چلے جاتے ہیں،پریشانی صرف ان کو نہیں ہوتی جن پر الزامات لگتے ہیں بلکہ ان کی اپنی جماعت کو وضا حتیں دینا پڑ جاتی ہیں۔ عمران خان کے نائب شاہ محمود قریشی بھی جب نیوز کانفرنس کرنے آئے تو انہیں میڈیا کے علامتی بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا، صحافیوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان پیسے لینے والوں کے نام سامنے لائیں ،شاہ محمود قریشی نے یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں عمران خان سے بات کریں گے۔شاہ محمود قریشی کی نیوز کانفرنس کا موضوع تھا صرف پاکستان مخالف طالبا ن کے خلاف کارروائی کرنے سے متعلق مشیر خارجہ کا بیان ۔ انہوں نے کہا کہ اس بیان سے آرمی چیف کا دورہ امریکا بھی متاثر ہوگا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے غیر ملکی سفارتکاروں سے ملاقاتیں کیں ، سفارت کار اُن کے دھرنے کو کیسے دیکھتے ہیں ؟ اس سوال پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اُن کی جدوجہد پرامن ہےاور سب ان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔

مزید خبریں :