19 نومبر ، 2014
اسلام آباد....... وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے والوں کی خواہش ہے کہ ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہو، لیکن وہ انشاءالله اپنے اسی دور حکومت میں لوڈ شیڈنگ ختم کر کے دکھائیں گے،توانائی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے عوام کو اگلے ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کی خوشخبری بھی دے ڈالی۔وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں توانائی کی صورت حال پر اجلاس ہواجس کےدوران ملک میں توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دھرنےوالے چاہتے ہیں ملک سے لوڈشیڈنگ ختم نہ ہو،لوڈشیڈنگ ن لیگ کے دور میں ختم ہو گی ۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی ۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کہ مختلف اشیاء کی قیمتیں کم ہوں،انہوں نے کہا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان ملتوی ہونے پر بہت دکھ ہوا،چینی صدر نے دورہ پاکستان کا وعدہ کیاہے،وہ پاکستان آئیں گے،کسانوں کی مشکلات حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔