19 نومبر ، 2014
لاہور......پنجاب کےوزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزداہ کاکہنا ہے کہ سیلاب متاثرین میں امداد کا عمل شفاف انداز میں جاری ہے،دوسرا مرحلہ 25 نومبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزداہ نے کہاکہ شکایات کے ازالے کے لئے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جن میں ریٹائرڈ جج، بیورو کریٹ اور معززین شامل کئےگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک متاثرین میں 8ارب 37 کروڑ روپے کے پے آرڈر تقسیم کئےجاچکے ہیں، جن میں سے 2 لاکھ سےزائد متاثرین نے 6 ارب93کروڑ روپے کے پے آرڈرکیش کرالئے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری کا اس موقع پرکہناتھا کہ وزیراعلیٰ تمام عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور شکایات کی اسکروٹنی درخواست کنندہ کی موجودگی میں کی جا رہی ہے۔