پاکستان
19 نومبر ، 2014

ایم کیوایم کےوفد کی حیدرزمان سے ملاقات

ایم کیوایم کےوفد کی حیدرزمان سے ملاقات

ایبٹ آباد..........ایم کیو ایم کے وفد نے تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان سے ملاقات کی، جس میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر مشاورت کی گئی ہے۔ بابا حیدر زمان کا کہنا تھا کہ انتظامی بنیادوں پر صوبے بننے سے شفافیت آئے گی اور احتساب اور گورنس بہتر ہوگی۔ تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان سے ایبٹ آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی تھی۔ وفد میں رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل، رکن صوبائی اسمبلی سندھ سید وقار شاہ، رکن سینٹرل ایکزیگٹو کمیٹی لیلٰی پروین اور بیرسٹر سیف اور دیگر رہنما شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان عوامی تحریک کے پی کے کے صوبائی جنرل سیکریٹری راجا وقار احمد اور بہاولپور صوبہ تحریک کے سیکریٹری اطلاعات عبد الرزاق عباسی بھی شریک تھے۔ ملاقات میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے ایک 9 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔ باباحیدر زمان کا کہنا تھا کہ موجودہ ارکان پارلیمنٹ اور اسٹیبلشمنٹ نئے صوبوں کے قیام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ جج بھرتی کرنے کیلیے پاکستان ملٹری اکیڈمی طرز کی اکیڈمی قائم کی جائے گی۔ رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ ہزارہ معاشی اعتبار سے وسائل سے مالامال ہے، جو پارٹیاں پاکستان دشمن نہیں وہ نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کریں گی اور ذاتی مفادات کے محافظ اور اقتدار پرست سیاستدان نئے صوبوں کی مخالفت کریں گے۔

مزید خبریں :