24 نومبر ، 2014
اسلام آباد......’انور مقصود کا دھرنا‘ اسلام آباد میں 27 نومبر سے شروع ہو کر 15 دسمبر تک جاری رہے گا۔ معروف ادیب انور ،قصود کا کہنا ہے کہ ان کا تحریرکردہ یہ ڈرامہ عوام کو بہترین تفریح فراہم کرے گا۔ معروف ادیب انور مقصود نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ’انور مقصود کا دھرنا‘ کسی سیاسی جماعت، حکومت یا دھرنوں کے خلاف نہیں، تاہم اس ڈرامے میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور دیگرسیاسی جماعتوں کے ڈمی نمائندے بھی ہوں گے اور وزیر اعظم ، صدر ، الطاف حسین ، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری اور عمران خان کے کردار بھی ہوں گے۔ انور مقصود نے کہا کہ اسٹیج ڈرامے کی ٹائٹل تصویر میں گدھا کسی شخصیت کی طرف اشارہ نہیں۔ انور مقصود نے کہا کہ متنازع مواد نہ ہونے کے باوجود لاہور کے الحمرا ہال اور پی این سی اے سمیت کسی بھی سرکاری ہال میں یہ سٹیج ڈرامہ کرنے کی اجازت نہیں ملی، انہوں نے کہا کہ ’انور مقصود کا دھرنا‘ اسلام آباد کے شہریوں کو تفریح سے بھرپور ڈرامہ دیکھنے کو ملے گا۔ ڈرامے کے ٹکٹ پہلے ہی بک چکے ہیں۔