25 نومبر ، 2014
اسلام آباد....... سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میرے خلاف غداری کےالزامات سیاست زدہ ہیں،میرےخلاف کارروائی کرکےمجھ سے بدلہ لیا جا رہا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ مجھ پر الزامات تراشے گئے ہیں اور پوری طرح سیاست زدہ ہیں،بدلے کی کارروائی جاری ہے،مجھے نشانہ بنایا جا رہا ہے،مجھے پورا یقین ہے کہ بالآخر حق و انصاف کی جیت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ہر ملک کے اپنے مسائل ہیں اور اپنے حالات ہیں،ہر ملک کو اپنے حالات کے مطابق چلنا چاہیے،میں جمہوریت پر بہت یقین رکھتا ہوں،پاکستان میں لندن یا امریکا جیسی جمہوریت نافذ نہیں کی جا سکتی۔