03 دسمبر ، 2014
اسلام آباد.......چیف الیکشن کمشنر کےلیے نامزد تین شخصیات میں سے ایک جسٹس سردار رضا خان ہیں جو اس وقت وفاقی شریعت عدالت کے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہیں ۔ سردار رضا خان انیس سوپینتالیس میں ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے،پنجاب یونی ورسٹی سے اکنامکس میں ایم اے اور پھر ایل ایل بی کیا۔ جوڈیشل کیئرئیر کا آغاز انیس سو ارسٹھ میں پہلی بار سول جج کا عہدہ سنبھال کر کیا۔ انیس سو ترانوے میں وہ پشاور ہائی کورٹ میں دو سال تک ایڈیشنل اور پھر مستقل جج بنادیے گئے ۔ سن 2000 میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جسٹس سردار رضا دو بار قائم مقام گورنر بھی رہے ۔ دو سال بعد جسٹس سردار رضا سپریم کورٹ کے جج بن گئے اور 8سال تک خدمات انجام دیں ۔ اس دوران وہ دو بار قائم مقام چیف جسٹس پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر بھی بنے ۔ جسٹس سردار رضا رواں سال جون سے وفاقی شریعت عدالت کے چیف جسٹس ہیں اور اگر ان کا نام چیف الیکشن کمشنر کےلیے چن لیا جاتا ہے تو انہیں عہدہ سنبھالنے سے چیف جسٹس کا منصب چھوڑنا ہوگا۔ اپنے کیریئر کے دوران وہ امریکا جاکر وہاں کا قانونی نظام اور جاپان سے سرکاری اداروں میں کرپشن سے متعلق کورس کرچکے ہیں۔