06 دسمبر ، 2014
اسلام آباد .......تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ امید ہے ٹریبونل مِیں انہیں انصاف ملے گا۔ انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے بیٹھنے تک دھرنا جاری رہےگا۔اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ سے لاہور روانہ ہوتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ این اے 122میں مبینہ انتخابی دھاندلی سے متعلق ٹریبونل میں پیش ہونے جا رہے ہیں۔یہ پاکستان کے مستقبل کا سوال ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ٹریبونل صحیح فیصلہ کرےگا تو پاکستان حقیقی جمہورت کی طرف جائے گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے تاجروں سے ان کی ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے تاجروں سے کہا ہے کہ اگر وہ موجودہ حکومت کی کار کردگی سے مطمئن ہیں تو اپنی دکانیں کھلی رکھیں لیکن اگر وہ تبدیلی چاہتے ہیں تو ان کا ساتھ دیں۔ تحریک انصاف اور حکومت کےد رمیان مذاکرات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے مذاکرات پر ’’مکس سگنل‘‘ آ رہے ہیں ۔ مذاکرات سنجیدگی سے ہوں، دھوکا نہ دیا جائے۔عمران خان نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان اگر جوڈیشل کیشن کی صحیح تشکیل ہوجاتی ہے تو یہ معاملہ اڑتالیس گھنٹوں میں حل ہو سکتا ہے۔