پاکستان
26 اپریل ، 2012

وزیراعظم گیلانی توہین عدالت کے مجرم قرار

وزیراعظم گیلانی توہین عدالت کے مجرم قرار

اسلام آباد…سپریم کورٹ نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے انہیں عدالت برخاست ہونے تک چند سیکنڈز کی انتہائی مختصر ترین سزا سنادی ہے۔عدالت نے سزا کے متوقع اثرات میں آئین کے آرٹیکل 63 ون جی کو شامل کیا ہے جس میں پانچ سال کی نااہلی شامل ہے ۔مقدمہ کی سماعت کرنے والے سات رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس ناصرالملک نے فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا اور صرف اتنی سزا سنائی کہ جب تک یہ سات رکنی بنچ اس مقدمہ میں موجود ہے ، تب تک یہ سزا ہوگی، فیصلہ سناتے ہی عدالت برخاست ہوئی تو وزیراعظم کو سنائی گئی سزا مکمل ہوگئی۔ عدالتی فیصلہ میں قرار دیا گیا کہ وزیراعظم جان بوجھ کر عدالتی حکم کی نافرمانی کے مرتکب ہوئے، عدالت کا مذاق اڑایا گیا، ان کو سزا کے سنجیدہ اثرات ہوسکتے ہیں، آرڈر میں لکھاگیاکہ سوئس حکام کو خط لکھنے کے عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوئی، وزیراعظم کا اقدام قانون کی پیروی میں واضح خلاف ورزی ہے۔ سزا سنانے کے بعد ججز تو اٹھ کر چلے گئے لیکن وزیراعظم کچھ دیر تک وہاں موجود رہے۔ سپریم کورٹ نے قومی مفاہمتی آرڈیننس ، این آر او کو کالعدم قرار دے کر حکومت کو صدر آصف علی زرداری سے تعلق رکھنے والے سوئس کیسز کو بحال کرانے کا حکم دیا تھا ، اس پر عمل نہ ہونے کیخلاف عدالت نے وزیراعظم گیلانی کیخلاف توہین عدالت کا مقدمہ بنایا ، وزیراعظم کا کہناتھاکہ صدرمملکت کو حاصل آئینی استثنیٰ کی وجہ سے خط نہیں لکھا ، عدالت نے توہین عدالت کیس کی سماعت دو روز قبل مکمل کرلی تھی ، آج فیصلہ سنانے کیلئے وزیراعظم کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :