26 اپریل ، 2012
کراچی… امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی سے وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑ دینے کا مطالبہ کرنا، بتوں سے امید رکھنے کے مترادف ہے، اب تک وزیراعظم کو استعفیٰ دیدینا چاہیے تھا۔ جیو نیوز کے اینکر کامران خان کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ لوگوں کو بڑا انتظار کرنا پڑا، میں نہیں سمجھتا کہ سپریم کورٹ اسپیکر کے ذریعے وزیراعظم کی نااہلی کا کام کرے گی اور بال اس کی کورٹ میں پھینکے گی، پیپلز پارٹی ہٹ دھرمی کی پالیسی پر چل نکلی ہے، اس کا آئین کو بالادست نہ سمجھنے کا رویہ ہے، سپریم کورٹ نے ایک باوقار انداز میں سزا دی اور اس کو مکمل بھی کرادیا، یہ اہم بات نہیں کہ سزا کتنی ہوئی ہے اہم بات یہ ہے کہ وزیراعظم کو سزا کا مرتکب قرار دیدیا گیا، جس طرح پیپلز پارٹی نے ملک توڑا تھا اس کو آئندہ اس قسم کا کوئی موقع نہیں ملے گا۔