پاکستان
29 اپریل ، 2012

کراچی :لیاری میں جاری آپریشن تیسرے روز میں داخل

کراچی :لیاری میں جاری آپریشن تیسرے روز میں داخل

کراچی ... کراچی کے علاقے لیاری میں گینگ وار کے ملزموں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن تیسرے روز میں داخل ہوگیا ہے۔ اب تک ایس ایچ او سمیت 15 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ پولیس نے متعدد ملزموں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔لیاری کے مختلف علاقوں میں سی آئی ڈی ، ایف سی اور علاقہ پولیس نے گینگ وار میں ملوث ملزموں اور جرائم پیشہ عناصرکیخلاف جمعے کی صبح آپریشن شروع کیا تھا۔ آپریشن کی سربراہی ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کررہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں کو جرائم پیشہ عناصر کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ ملزمان پولیس پر خودکار ہتھیاروں ، دستی بموں اور گرینیڈ لانچروں سے حملے کررہے ہیں۔ فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران مطلوب ملزم ملا نثار کا بھائی سہیل ماراگیا۔ متعدد جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے گئے ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے۔ پولیس نے چیل چوک ، نوا لین ، لی مارکیٹ ، گل محمد لین اور اطراف کے علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ تاہم افشانی گلی ، گبول پارک ، آگرہ تاج اور دیگر علاقوں میں اب بھی گینگ وار کے ملزموں کا قبضہ ہے۔ آپریشن کی وجہ سے لیاری میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔ فائرنگ اور پْرتشدد کارروائیوں میں دو روز کے دوران ایس ایچ او سول لائن فوادخان سمیت سمیت 15 افرادجاں بحق ہو چکے ہیں۔ مرزا آدم خان روڈ پر پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول کے قافلے پربھی دستی بم سے حملہ کیا گیا لیکن خوش قسمتی سے وہ محفوط رہے۔

مزید خبریں :