26 جنوری ، 2015
نیویارک..........امریکا کے محکمۂ موسمیات نے ملک کی شمال مشرقی ریاستوں میں آج شدید برفانی طوفان کی پیش گوئی کی ہے۔ملک میں فلاڈلفیا سے ریاست مین کے درمیانی علاقے میں اوسطاً دو فٹ تک اور نیویارک میں تین فٹ تک برف پڑ سکتی ہے۔نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ایسے طوفان کے لیے تیار رہیں جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا اور بدترین برفانی طوفان ہو سکتا ہے ۔انھوں نے عوام سے کہا کہ وہ پیر کو گھروں میں ہی رہیں اور انتہائی اشد ضرورت کے سوا باہر نہ نکلیں۔ امریکی موسمیاتی چینل کا کہنا ہے کہ طوفان اس علاقے میں پیر سے بدھ تک جاری رہے گا۔محکمۂ موسمیات کاکہنا ہے کہ نیو جرسی سے مشرقی میساچوسٹس تک چھ انچ سے ایک فٹ تک برف پڑ سکتی ہے جبکہ میری لینڈ اور پینسلوینیا میں چار سے آٹھ انچ برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ امریکا کی شمال مشرقی ریاستیں نومبر 2014 میں بھی شدید برفانی طوفان کی زد میں آئی تھیں جس سے ریاست نیویارک میں 7 جبکہ مجموعی طور پر 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔