26 جنوری ، 2015
اسلام آباد......وزیرپانی وبجلی خواجہ آصف نے اعلان کیا ہےکہ کسی شہر کو امتیازی بنیاد پر بجلی نہیں ملے گی،ملک بھر میں بجلی کے نرخ میں کمی کی جائے گی جبکہ کے الیکٹرک کے ساتھ معاہدہ نئی شرائط پر ہوگا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں خواجہ آصف نے بلیک آؤٹ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق بتایا کہ زیادہ تر بجلی گھروں نے کام کرنا شروع کردیا ہے، تاہم تین سے چار بجلی گھر ایسے ہیں جنھیں شام تک بحال کردیا جائے گا۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی کم ہوجائے گا، جبکہ انڈسٹریل ایریا میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔خواجہ آصف نے بتایا کہ کے الیکٹرک کے ساتھ معاہدے کے لیے نئی شرائط طے ہوئی ہیں، معاہدہ آج ہی ہوگاساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ کسی شہر کو امتیازی بنیاد پر بجلی نہیں دی جائے گی۔خواجہ آصف نے بجلی کے نرخ بڑھنے کی بھی تردید کی، کہا کہ ٹیرف میں اضافہ نہیں بلکہ کمی ہورہی ہے۔انھوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تیل کی قلت نہیں ،اور نہ ہی کوئی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے، حکومت نےنجی آئل کمپنیوں سے بھی تیل لیا ہے۔