26 جنوری ، 2015
بیجنگ.......... چین کی اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ حالات چاہے کچھ بھی ہوں، پاکستان سے مکمل اور بھر پور تعاون جاری رکھا جائے گا۔ آرمی چیف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ بہترین اور مؤثر بین الاقوامی تعاون سے جیتی جا سکتی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے دورۂ چین کے دوران چیئر مین پیپلز کانفرنس یو ژنگ شینگ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر یو ژنگ شینگ کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کا بااعتماد دوست ہے جس نے ہمیشہ چین کا ساتھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین، پاکستان اور پاکستانی قوم کے ساتھ ہے اور ہر طرح کے حالات میں پاکستان کی مدد جاری رکھیں گے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چینی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اور چین کی منزل ایک ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چین کی سیاسی اور عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو بدلتی ہوئی صورتحال کو سمجھنا ہو گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ بہترین اور موثر بین الاقوامی تعاون سے جیتی جا سکتی ہے۔