29 جنوری ، 2015
اسلام آباد.........تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی حالات کے باعث فوجی عدالتوں کے قیام کی حمایت کی اور اب بھی اپنے موقف پر قائم ہیں،، حکومت دھاندلی کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن سے بھاگ رہی ہے،کمیشن نہ بنا تو اس بار ایسا احتجاج ہوگا کہ حکومت برداشت نہیں کر پائے گی، میں تقریر نہ کرلوں تو مجھے نیند نہیں آتی۔ عمران خان بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ کے سبزہ زار پر نیوز کانفرنس کے لئے آئے، موڈ کافی خوشگوار تھا،بات شروع کی تو لہجہ سخت ہوگیا، ہدف تنقید تھے وزیر اعظم اور ان کی حکومت،عمران خان نے میاں نواز شریف کے اثاثوں پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ ان کے اثاثوں میں 12 فی صد اضافہ ہوا،کوئی کام بھی نہیں کرتے،اپنی شوگر مل کے لیے 2 ارب روپے کا پل بنایا۔ عمران خان نے دھاندلی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے حکومت کو احتجاج کی دھمکی بھی دے دی کہ اس بار ایسا احتجاج کریں گے کہ حکومت برداشت نہیں کر پائے گی۔ عمران خان نے فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق حامد خان کے مؤقف سے اظہار لاتعلقی بھی کیا۔ بجلی کے بل ادا کیوں کیے، پچھلی بار کہا تھا آئندہ جواب دوں گا۔ عمران خان اس بار بھی یہ سوال گول کر گئے۔عمران خان نے حکومت پنجاب کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پنجاب تو پولیس اسٹیٹ بن چکا ہے۔ فیصل آباد میں فائرنگ سے قتل کیے گئے تحریک انصاف کے کارکن کے قاتل آج تک نہیں پکڑے گئے۔