پاکستان
30 جنوری ، 2015

شکار پوردھماکا: قومی قیادت کا اظہار مذمت،لواحقین سے تعزیت

 شکار پوردھماکا: قومی قیادت کا اظہار مذمت،لواحقین سے تعزیت

اسلام آباد ......سابق صدر آصف زرداری،وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق ، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ،ڈاکٹر طاہر القادری ،علامہ راجہ ناصر عباس اور دیگر سیاسی اور دینی شخصیات نے شکار پور میں امام بارگاہ دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ آصف زرداری نے دھماکے کی مذمت کی اور سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کی طبی امداد کیلئے فوری اقدامات کرے ۔ شہباز شریف نے شکارپور امام بارگاہ دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم جانوں سے کھیلنے والےمسلمان تو کیا انسان کہلانےکے حقدار نہیں،ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کاعزم متزلزل نہیں کر سکتیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش کی جا رہی ہے۔الطاف حسین کا کہناتھاکہ خون کی ہولی کھیلنے والے عناصرانسانیت کے دشمن ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ شکارپورمیں دہشتگردی کاخطرہ پہلےسےموجودتھاتو سیکیورٹی کابندوبست کیوں نہ کیا؟،شکار پور دھماکے کو درندگی کی بدترین مثال قراردیتے ہوئے الطاف حسین نے لواحقین سے اظہار تعزیت کی ۔عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی کارروائیوں کا تسلسل ملکی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔مجلس وحدت المسلمین علامہ راجا ناصر عباس کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی کارروائی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مزید خبریں :