01 فروری ، 2015
کراچی .....سانحہ شکار پورکیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور مظاہرے کیے جارہے ہیں ۔ نواب شاہ میں شیعہ علما کونسل جان نے مرتضوی امام بارگاہ موہنی بازار سے ریلی نکالی ۔ شرکاء شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئے پریس کلب پہنچے جہاں مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سانحہ شکار پور میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔ٹنڈومحمد خان میں شیعہ علما کونسل کے تحت پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا ۔ سانگھڑ میں انجمن امام بارگاہ حیدری کی اپیل پر ہڑتال کی گئی۔لاڑکانہ میںشیعہ علما کونسل اور مجلس وحدت مسلمین نے شہدا ء کے ایصال ثواب کے لیے جناح باغ پر قران خوانی کا اہتمام کیا۔ بھکر میں سانحہ شکارپور کے خلاف پاکستان عوامی تحریک نے قصرہ زینبیہ سے محمدی چوک تک ریلی نکالی ۔ریلی سے خطاب میں رحیق عباسی نے کہاکہ سانحہ شکار پور کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے سانحہ شکار پور اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء سمیت تمام شہیدوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔