03 فروری ، 2015
اسلام آباد ......کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک میں سردی کی شدت برقرار ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات جبکہ خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب میں کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ملک کے بالائی حصوں سے لے کر میدانی علاقوں تک سب کو موسم سرما نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔ لاہور میں رات گئے تیز بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب میں اسلام آباد ،راولپنڈی، سروگدھا ، فیصل آباد ، ساہیوال اور گوجرانوالا ڈویژن ، جنوبی پنجاب میں ملتان ، بہاولپور ، ڈی جی خان ڈویژن میں بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں پہاڑوں پر مزید برفباری کی بھی توقع ہے ۔ آج سے جمعرات تک بلوچستان، بالائی سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بیشتر شہر سرد ہواؤں کی لپیٹ میں رہیں گے ۔ گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت قبائلی علاقے پاراچنار میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔