04 فروری ، 2015
لاہور.......محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولوں میں ہرقسم کے فن فیئراورسپورٹس گالا سمیت تمام غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی۔ اسکول ٹائمنگ کے دوران بھی وہ کسی قسم کی سپورٹس اور غیر نصابی سرگرمی کے لئے اکٹھے نہیں ہو سکیں گے۔ اس فیصلے نے طلبا و طالبات میں مایوسی پھیلادی۔ سانحہ پشاور کے بعد محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولوں میں اسمبلی پر پابندی عائد کی تھی۔ اب فن فیئر اور سپورٹس گالا سمیت دیگر تمام غیرنصابی سرگرمیوں پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم کے اس اقدام پر طلبا خوش نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کلاس رومز میں قید ہو کر رہ جائیں گے، اور اسکول گراؤنڈز پر بھی ویرانی چھا جائے گی۔اس فیصلے کے بعد بعض تعلیمی اداروں میں اسپورٹس پیریڈ شروع کیا گیا ہے۔ تاکہ بچے ذہنی تناؤ کا شکار نہ ہوں اور انہیں صحت مند سرگرمیاں مہیا کی جا سکیں۔ڈپٹی سیکرٹری اسکولز قیصر رشید کہتے ہیں کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بچوں کے اسکولوں میں اکٹھے ہونے پر پابندی لگائی گئی ہے۔طلبا و طالبات نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام اسکولوں میں ان ڈورگیمز کا انتظام کرے،کیونکہ کھیل کود بھی ان کی تندرستی کے لئے بہت ضروری ہے۔