04 فروری ، 2015
پشاور......خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات اس سال جون کے پہلے ہفتے میں کرائے جائیں گے۔ جبکہ انتخابی شیڈول کا اعلان اپریل میں ہوگا۔خیبر پختونخواکے وزیر بلدیات عنایت اللہ نے جیو نیوز سے گفت گو میں بتایا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ صوبے میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کا نظام بھی بحال کیا جائے گا۔وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ ضلع و تحصیل کونسلز کے انتخابات جماعتی جبکہ ویلج اور نیبرہڈ کونسل کے انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپریل میں خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔وزیر بلدیات نے بتایا کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور عوام تک شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے پشاور کو چار ٹاونز میں تقسیم کیاجائے گا۔